یو ای ٹی طلباء کے سکالرشپ بند،یونیورسٹی نے نیا اعلان کردیا

3 Jul, 2020 | 12:20 PM

M .SAJID .KHAN

(اکمل سومرو)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے  یتیم اور ضرورت مند طلباء کے سکالرشپ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، 3سالوں سے سکالر شپ حاصل کرنیوالے طلبہ کا ڈیٹا نئے سرے سے مرتب ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے یتیم اور ضرورت مند طلباء کے سکالرشپ بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 3سالوں سے سکالر شپ حاصل کر نے والے طلباء کا ڈیٹا نئے سرے سے مرتب کرنے پر غور شروع کردیا، یو ای ٹی نے طلباء کو سکالر شپ دینے کی نئی پالیسی کا اعلان کر دیا، یو ای ٹی میں زیر تعلیم 2017ء سیشن سےسکالر شپ پالیسی کا اطلاق کر دیا گیا، یو ای ٹی نے ہر ڈیپارٹمنٹ میں تین رکنی سکالر شپ کمیٹی تشکیل دیدی۔

ذرائع کا کہناتھا کہ  سکالر شپ کمیٹی از سر نو یتیم ،ضرورت مند طلباء کےکوائف کی جانچ پڑتال کرے گی،پہلے سے سکالرشپ حاصل کرنیوالوں کو دوبارہ درخواستیں دینا ہوں گی، سکالر شپ کمیٹی 30 فیصد طلباء کو سکالر شپ کیلئے شارٹ لسٹ کرنے کی مجاز ہوگی،یتیم طلباء کو فیس کا 10 سے 100 فیصد تک سکالرشپ کی مد میں دیا جائے گا، یو ای ٹی ضرورت مند طلباء کو 10 سے 50 فیصد تک سکالر شپ دے گی۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی دیوالیہ ہوگئی اور اس کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کے لیےبھی پیسے ختم ہوگئے،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وائس چانسلرز کی تنخواہ میں 50 فیصد اورگریڈ 18سے 21 تک کی تنخواہوں میں 35 فیصد کٹوتی کر دی گئی۔گریڈ 17 کی 30 فیصد،گریڈ 11سے 16 تک 20 فیصد جب کہ 5سے 10 اسکیل تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی کی کی گئی ہے، جون کی تنخواہ کٹوتی کر کے ادا کی جائے گی۔

یو ای ٹی انتظامیہ نے پینشن میں بھی کٹوتی کے احکامات جاری کر دیے۔ کلاس اے کے پنشنرز کو 25 فیصد اور کلاس بی کے پنشنرز کو 30 فیصد کم پینشن ملے گی۔ وائس چانسلر یو ای ٹی سید منصور سرور کا کہناتھا کہ یو ای ٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملازمین کی تنخواہوں میں کتوٹی کی گئی ہے، کوروناوبا میں ایچ ای سی کی جانب سے فنڈز کی کمی ،طالب علموں کی جانب سے فیسوں کی عدم ادائیگی اور مزید قرضہ نہ ملنے کے باعث ایسا کرنے پر مجبور ہوئے۔

مزیدخبریں