’’عمران خان کا کوئی متبادل نہیں‘‘

3 Jul, 2020 | 01:19 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: گورنر پنجاب سے ایم این اے  صداقت عباسی کی ملاقات، چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پارٹی میں کبھی کوئی وزیر اعظم عمران خان کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

 گورنر پنجاب نے رکن اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحر یک انصاف کا لیڈر اور وزیراعظم صرف عمران خان ہے، جب جب تحر یک انصاف کی حکومت آئے گی عمران خان ہی وزیر اعظم ہوں گے۔  حکومت ملک کومعاشی سمیت دیگرمسائل سے نجات دلانے  کے لئے  اقدامات کررہی ہے۔

چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اتحادیوں نے بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیا، کوئی اتحاد ی حکومت گرانے کی بات نہیں کررہا، کرپشن کر نیوالوں کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو احتساب سے بچ نہیں سکیں گے، پاکستان میں پہلی بار شفافیت اور میرٹ کے مطابق تمام فیصلے کیے جا رہے ہیں، بلاتفریق اور شفاف احتساب ملکی ترقی اور خوشحالی  کے لئے ہے۔

دوسری جانب  گورنر پنجاب نے جی سی لاہور میں مالی بے ضابطگی کی انکوائری کی منظوری دے دی، ڈاکٹر عبدالسلام سکول آف میتھیمیٹکس میں 50 کروڑ کی مالی بےضابطگی کا ریفرنس محکمہ ہائرایجوکیشن کو بھجوا دیا گیا۔       گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکی انکوائری ٹیم نےڈاکٹر عبدالسلام سکول آف میتھیمیٹکس میں فارن فیکلٹی پروگرام میں بڑے پیمانے پر مالی بےضابطگیوں کا انکشاف کیا تھا۔

رپورٹ کےمطابق 2003 سے2013 کے دوران فارن فیکلٹی ہائرنگ پروگرام کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن سے63 کروڑ روپے وصول کیے گئے، پروگرام کے تحت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو فیکلٹی کا حصہ بنا کر معاوضہ ادا کیا جانا تھا، لیکن ریکارڈ میں تو اساتذہ کوادائیگی شامل کی گئی لیکن حقیقت میں بیشتر اساتذہ کومعاوضہ ادا ہی نہیں کیا گیا۔

50 کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف اس رپورٹ میں کیا گیا جس پر گورنر پنجاب نے محکمانہ انکوائری کے لیے ریفرنس محکمہ ہائر ایجوکیشن کو بھجوا دیا ہے، ذرائع کے مطابق انکوائری کے لیے سینئر بیورو کریٹ نیئر اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد خان اورڈپٹی سیکرٹری یونیورسٹیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کوجمع کرائے گی۔

واضح رہےیونیورسٹی کی انکوائری ٹیم اپنی رپورٹ میں معاملہ نیب کوبھجوانے کی سفارش کر چکی ہے۔

             

مزیدخبریں