(جنید ریاض) کورونا وائرس کےباعث سرکاری سکولوں میں ایل این ڈی ٹیسٹ اور بائیومیڑک حاضری پرپابندی کا فیصلہ کیا گیا،پابندی 31 مارچ 2022 تک برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سکولوں میں تیسری جماعت کا ٹیب پرایل این ڈی ٹیسٹ نہیں لیا جائےگا،طلباء کی آن لائن حاضری بھی نہیں ہوا کرے گی،سرکاری سکولوں میں ہر ماہ تیسری جماعت کا ایل این ڈی کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے، ایل این ڈی ٹیسٹ ریاضی، انگلش اوراردوکےسوالات پرمشتمل ہوتا ہے،طلبہ کوسوالوں کے جوابات ٹیب پرآن لائن ہی دینا ہوتے ہیں،ٹیسٹ کی تیاری کیلئے
کلاس میں صرف ایک ٹیب ہوتا ہے۔
ایم ایزایک ہی ٹیب پرہرروز مختلف سکولوں میں بچوں کا ایل این ڈی ٹیسٹ لیتےہیں،ایک ہی ٹیب پر ہزاروں بچوں کی حاضری اور ٹیسٹ سےکورونا پھیلنے کا خدشہ ہے،کورونا خدشہ کے باعث ایل این ڈی ٹیسٹ اور آن لائن حاضری کوختم کیا جا رہا ہے،فنگر پرنٹ کے ذریعے اساتذہ کرام کی بائیومیڑک حاضری پر بھی پابندی ہوگی،یکم اپریل 2022 کےبعد اس عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے شعبہ تعلیم میں وظائف لینے والے بچوں کی مالی معاونت کے لئے بجٹ میں مزید اضافہ کردیا ہے،پنجاب میں طلبہ وطالبات کے وظائف میں 3 ارب 95 کروڑ روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ہونہار طلبہ وطالبات کو نئے مالی سال میں 13 ارب 85 کروڑ روپے وظائف دیئے جائیں گے۔
جبکہ دوسری جانب لاہور کے سرکاری سکولوں میں کتابیں کم پڑ گئیں، نہم و دہم آرٹس گروپ کی ریاضی اور نہم جماعت کی جنرل سائنس کی کتاب دستیاب نہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں تینوں کتابیں 60 ہزارطلبا کیلئے درکار ہیں۔ سکولوں میں تینوں کتابیں دس ہزار سے زائد بچوں کو ابھی فراہم کرنا باقی ہیں۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کتابیں پنجاب وئیر ہاؤس میں بھی دستیاب نہیں، کتابوں کی ڈیمانڈ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلی منٹیشن یونٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ کتابوں کی فراہمی کو ایک ہفتہ میں یقینی بنا دیا جائے گا۔