مون سون کا سسٹم لاہور میں داخل، آج سے بارش کا امکان

3 Jul, 2020 | 09:33 AM

Sughra Afzal
Read more!

جیل روڈ (سعدیہ خان)شمال مغربی ہواؤں کے ساتھ مون سون کا سسٹم لاہور میں آ ج داخل ہوگا، آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی شام میں شمال مغربی ہوائیں نمی اور ٹھنڈک کے ساتھ پنجاب کا رخ کریں گی  اور بارش برسائیں گی، دو روز بارش نسبتاً زیادہ ہوگی جس سے موسم  بدلے گا، مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے ستمبر تک جاری رہے گا، اگست میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس سے لاہور اور پنجاب کے ندی نالوں میں طغیانی آئے گی، رواں سیزن میں مون سون بارشیں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہوں گی۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈی جیز نے رواں سال 10 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کردی جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا،  چیئرمین این ڈی ایم اے نے قبل از وقت سروے مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ 41 اور کم سے کم 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ، صبح کے وقت درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ  اور ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد رہنے کا امکان ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہےکہ ہفتہ کے روز شہر کا موسم جزوی طور پر آبر آلود رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مون سون سسٹم داخل ہونے سے قبل شہر کے متعدد علاقوں میں واسا کی جانب سے نالوں کی صفائی کا کام شروع بھی نہیں کروایا گیا ، گلبرگ، گلشن روای، شادمان پی آئی سی سمیت دیگر نالوں میں کوڑا تاحال جمع ہے، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث برسات میں نالے اوور فلو ہونے کا خدشہ ہے جس سے قریبی آبادیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔

مزیدخبریں