شہروز اور صدف ٹی وی اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے

3 Jul, 2020 | 11:33 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے شہروز سبزواری اور صدف کنول جلد عید ٹیلی فلم  'گھر کے نہ گھاٹ کے' میں ٹی وی اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

ڈرامہ چینل اے آر وائے ڈیجیٹل کے لیے ٹی این آئی پروڈکشن کے تحت بننے والی اس ٹیلی فلم کی کہانی 2 بہنوں، صدف اور عروسہ کے گرد گھومتی ہے جن کی شادی بالترتیب شہروز سبزواری اور احمد حسن سے ہوتی ہے، دونوں لڑکے مالی طور پر اپنے سسر پر منحصر کرتے ہیں جنہوں نے دونوں دامادوں کو ایک دکان خرید کر دی ہے، اس ٹیلی فلم میں شہروز کے سسر کا کردار جاوید شیخ ادا کر رہے ہیں۔

امیجز سے بات کرتے ہوئے صدف کنول نے انکشاف کیا کہ سیٹ پر ان کی جوڑی کے درمیان کمفرٹ لیول 'بہت اچھا' تھا۔

  شہروز سبزواری نے بھی صدف کنول کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق بات کی۔ انہوں نے کہا کہ 'مجھے بہت اچھا لگا، مجھے ہمیشہ ان کے ساتھ کام کر کے اچھا لگتا ہے، ہم دوسری مرتبہ ساتھ کام کررہے ہیں'۔

اداکار نے کہا کہ ہم نے پہلی مرتبہ اوسلو میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کیا تھا، میں یہ ضرور کہتا ہوں کہ وہ مکمل طور پر پروفیشنل اداکارہ ہیں۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ ہم ایک ساتھ آتے ہیں لیکن جیسے ہی ہم سیٹ میں داخل ہوتے ہیں، جو پیشہ ورانہ مہارت ہم سیٹ پر لاتے ہیں اس سے سب کے لیے بھی آسانی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کام کو کام کی طرح کرتے ہیں، اس سے لطف اٹھاتے ہیں اور پیک اپ کے بعد ہم ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں اور گھر میں کیا ہوتا ہے اس کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار شہروز  سبزواری نےپہلی شادی اداکارہ سائرہ سے کی تھی یکم مارچ 2020 کو دونوں نے ذاتی اختلافات پر اپنی راہیں جدا کرلی تھیں، جس کے بعد شہروز سبزواری نے   31 مئی 2020 کو صدف کنول سے شادی کی۔

مزیدخبریں