طوفانی بارش نے اڑتیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا

3 Jul, 2018 | 11:26 AM

وقار نیازی

سٹی 42:  پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں  موسلا دھار بارش،  طوفانی بارش نے اڑتیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا . شہر میں 3 گھنٹے کے مختصر سپیل میں کبھی بھی 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ نہیں کی گئی. انیس سو اسی میں 207 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی. شہر میں بجلی غائب، جبکہ 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر  پانی میں ڈوب گیا۔  لاہور اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ 

دوسری جانب تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سکول، دفاتر جانیوالے لوگ مشکلات کا شکار ہیں ۔ گلیاں ، محلے، کوچے سیلابی منظر پیش کرنے لگے۔ موسلا دھار بارش سے اورنج لائن انڈر گراونڈ کے پاس شگاف  پڑ گئے۔ مین مال روڈ پر بارشی پانی سے روڈ متاثر ہوگئے۔ پانی نے انڈر گراونڈ سیکشن کو متاثر کردیا۔ 

 

نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کاکہناہے کہ بارش کے دوران متعلقہ ادارے اورواساز نکاسی آب کے لئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں۔انھوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پیش نظر انتظامیہ اورمتعلقہ محکمے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کاکہناتھا کہ نکاسی آب کےلئے تمام تر وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور انتظامی حکام اورمتعلقہ افسران فیلڈ میں موجودرہیں اورنکاسی آب کی خود نگرانی کریں۔

نگران وزیر اعلی پنجاب کاکہناتھا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کےلئے فعا ل طریقے سے کام کیاجائےاورپانی نکالنے کےلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے۔انھوں نے بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کااظہارکیاجبکہ نگران وزیراعلی نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کی جبکہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔
 ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ شہر میں بارش کے پانی کے نکاسی کو ممکن بنانے کے لئے رات سے چوکنگ پونٹس پر تعینات ہے۔ ہر چوکنگ پوائنٹ پر کم از کم 3 ورکرز تعینات ہیں۔ عملہ شہر بھر میں 146 چوکنگ پوائنٹس پر تعینات اور بارش کے پانی کی نکاسی کو ممکن بنانے میں کوشاں ہے۔جی ایم آپریشن سمیت آپریشن ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔ جی ایم ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ مکمل نکاسی آب تک ورکرز اور افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
اہلیان لاہور سے اپیل ہے کہ سڑکوں اور گلی محلوں میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں ۔کوڑا کرکٹ نالیوں او ڈرینز کو چوک کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ کوڑا کرکٹ ہمیشہ ویسٹ بیگز میں بند کر کے ورکرز کے حوالے کریں یا قریبی کوڑے دان میں ڈالیں ۔ایل ڈبلیو ایم سی نکاسی آب کو جلد از جلد ممکن بنانے میں واسا کو بھر پور معاونت فراہم کر ہی ہے۔
 

مزیدخبریں