سٹی 42 : پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلنے والی پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ یہ میچ جمعہ 10 سے 12 جنوری تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ بیٹر امام الحق شاہینز کی قیادت کریں گے جبکہ موسیٰ خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں جنہوں نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے پانچ میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ اسکواڈ پیر 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گا جبکہ اسی روز پاکستان شاہینز کا اسکواڈ بھی جمع ہوگا۔ شاہینز 7 جنوری کو اسلام آباد کلب میں اپنی ٹریننگ شروع کریں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 8 اور 9 جنوری کو دو ٹریننگ سیشنز کرے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 17 جنوری سے ملتان میں ہو رہا ہے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان شاہین اسکواڈ:
امام الحق (کپتان) احمد بشیر، احمد صفی عبداللہ ، علی زریاب، حسیب اللہ، حسین طلعت، کاشف علی، محمد ہریرہ ، محمد رمیز جونیئر، محمد سلیمان، موسیٰ خان، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر اور سعد خان۔
ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اسکواڈ:
کریگ براتھ ویٹ (کپتان) الیک اتھانازے، کیسی کارٹی، جوشوا دا سلوا، جسٹن گریوز، کیویم ہوج، ٹیون املاچ، امیر جینگو، میکائل لوئس، گڈاکیش موتی، اینڈرسن فلپ، کیمار روچ، جیڈن سیلز، کیون سنکلیئر اور جومل واریکن۔