سٹی 42 : خیبر پختونخواہ کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چُودھری نے کہا ہے کہ ہم کرم کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر عمل درآمد اولین ترجیح ہے ۔
ندیم اسلم چُوہدری نے کرم امن معاہدے کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور خاص طور پر کرم کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، اہل سنت اور اہل تشیع کمیونیٹیز کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، دونوں کمیونٹیز کے علماء اور لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس امن معاہدے کے اوپر دستخط کروانے میں کردار ادا کیا۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے کہا کہ کل کُرم کے لئے گاڑیوں کا پہلا قافلہ سامان رسد لے کے پاڑا چنار کے لئے روانہ ہو گا، پولیس قافلوں کی حفاظت کرے گی، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی معاون ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی قیادت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے ، مشران نے تنازعات کو پس پشت ڈال کر امن کے قیام کی راہ ہموار کی ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت امن معاہدے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی ، امن کمیٹیاں کسی بھی شرپسند کو قافلے یا معاہدے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گی، امن کمیٹیوں سے درخواست ہے کہ وہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں ، ہم کرم کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر عمل درآمد اولین ترجیح ہے ۔