طیب سیف:ایف آئی اے کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن ، لیبیا اور یونان کشتی حادثات میں ملوث 40 انسانی اسمگلروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل،زیادہ تر ملزمان کا تعلق پنجاب سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا، یونان کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں حادثات میں ملوث 40 انسانی سمگلروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے گئے۔
انسداد انسانی سمگلنگ سیل اسلام آباد زون نے 5 انسانی سمگلرز کے خلاف مقدمات درج کر لئے، ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل زیادہ افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔
اسلام آباد زون نے اب تک ان کیسز میں 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ان ملزمان کا تعلق جھنگ،شور کوٹ ،سیالکوٹ اور گجرات سے ہے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے جن ملزمان کو گرفتار کیا یہ سب اشتہاری ہیں، ان ملزمان میں ایسے ملزم بھی شامل ہیں جو 10 سے 17 سال سے اشتہاری ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیری نے مزید کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے مزید ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔