ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حد نگاہ انتہائی کم

 لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حد نگاہ انتہائی کم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ثمرہ فاطمہ:  ملک کے بیشتر علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں، دھند کی شدت میں اضافہ ہونے سے  حد نگاہ میں نمایاں کمی ہوگئی جس کے بائث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔

 شہر  لاہور میں  مغربی ہواؤں کی آمد کے ساتھ سردی اور دھند کی شدت بھی بڑھ گئی جبکہ شہر کا مطلع بھی ابر آلود رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے اور 6 جنوری تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 197 ریکارڈ کی گئی جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں ایئر کوالٹی کی شرح 690، امریکی قونصلیٹ میں 577، عسکری ٹین میں 528، اڈا پلاٹ میں 451، جوہر ٹاؤن میں 397 اور شاہراہ قائد اعظم میں 255 ریکارڈ کی گئی۔

 ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 شہر قائد میں موسم سرد اور خشک ہے جس کی شدت میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کے باعث کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کم سے کم پارہ 13 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق کی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھنے کی توقع ہے۔

فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے جہاں کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 230 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال، شاہراہ فیصل اور کورنگی شامل ہیں، جہاں اے کیو آئی 200 سے تجاوز کر چکا ہے۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں  میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب،خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق  اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہےتاہم  چند مقامات پر ہلکی دھند پڑ سکتی ہے۔   خیبرپختونخواکے علاقے  چترال، دیر، سوات، کو ہستان ، با جوڑ ،خیبر، شانگلہ، بونیر،بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش/ برفباری کا امکان ہے۔ صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ ، کوہاٹ، کرک،کرم اوروزیرستان میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔تاہم ان کے  گردو نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی توقع ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بوندا باندی /ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منگلا، جہلم ، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال،سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد،جھنگ،بھکر، لیہ ، ملتان،بہاولپور، بہا ولنگر،خانیوال، خانپور، رحیم یار خان ،ڈی جی خان اور گردونواح میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ادھربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنےکا امکان ہے تاہم کو ئٹہ،چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبدا للہ ، قلعہ سیف اللہ، ژوب،بارکھان،لورالائی،موسیٰ خیل ،قلات،پنجگور،تربت،دالبندین،لسبیلہ اورنوکنڈی میں چند مقامات پر بارش/ برفباری کی توقع  ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان  ہے۔ سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو دارو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔کشمیر اور  گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد/مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش / برفباری کا امکان ہے۔