راحیل بیگ: گھوٹکی میں لیڈی ڈاکٹر سے شادی سے انکار پر متعدد افراد نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اُس کی زبان کاٹ دی جبکہ آنکھیں نکالنے کی کوشش بھی کی۔
نوجوان مرتضیٰ علی کھوسو پر تشدد کے کیس میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں 7 افراد کو ملوث کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان میں لیڈی ڈاکٹر سحر، نرس سلامت کلوڑ، سئیپر مختیاراں شیخ اور ڈرائیور نادر علی شامل ہیں۔
مدعی مرتضیٰ علی کھوسو نے الزام عائد کیا کہ اسے زبردستی پکڑ کر نشے کا انجیکشن لگایا گیا اور اس کی زبان کاٹی گئی جبکہ آنکھوں کو بھی تیز دھار آلے سے زخمی کیا گیا۔
مرتضیٰ علی نے کہا کہ لیڈی ڈاکٹر سحر آفتاب اس سے شادی کرنا چاہتی تھی اور جب اس نے شادی سے انکار کیا تو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ نوجوان نے مزید بتایا کہ وہ کراچی منتقل ہو گیا تھا جس سے ڈاکٹر خفا تھی اور جب واپس آیا تو اس پر حملہ کیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 ملزمان کو نامزد کیا ہے جبکہ 3 کو نامعلوم رکھا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔