بلاول بھٹو وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، پارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ

3 Jan, 2024 | 10:39 PM

حسن علی: پاکستان پیپلز پارٹی میں فیصلہ سازی کی ذمہ دار سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلاول بھٹو کو وزیر اعظم کا امیدوار نامزد کر دیا۔

 پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس لاہور میں بلاول ہاؤس میں ہوا۔ 

بلاول ہاؤس میں ہونے والے پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کےاجلاس میں تمام اراکین موجود تھے۔ کچھ ارکان انٹر نیٹ پر رابطہ کے زریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عام انتخابات 2024 کے حوالے سے مہم اور منشور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔  ملکی سیاسی صورت حال اور انتخابات کے حوالے سے سیاسی رابطوں پر  تفصیل سےگفتگو کی گئی۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار کے طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پیش کردیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پی پی پی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر منظور کرلیا.

پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں یوسف رضا گیلانی ، مہدی شاہ، قمر زمان کائرہ سمیت دیگر رہنما اور سی ای سی کے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس شروع ہونے کے بعد کچھ دیر کے لئے موخر ہوا کیونکہ سابق صدر آصف زرداری اجلاس میں نہیں پہنچ سکے تھے، بلاول بھٹو اور دیگر رہنما آصف علی زرداری کو لینے کے لئے خود لاہور ائیر پورٹ گئے۔ آصف زرداری کی  آمد کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔ 

مزیدخبریں