عثمان خان:عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے مسائل سے متعلق وزارت دفاع میں الیکشن کمیشن حکام اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی کی قلت دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کی اہم شخصیات کا الیکشن 2024 کی سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزارتِ دفاع میں ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکرٹری داخلہ،لاء انفورسمنٹ ادراروں کے اعلی حکام، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی بی اور دیگر سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات میں سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن حکام نے الیکشن 2024 کے لئے درکار سکیورٹی کی ضروریات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات میں 2لاکھ 77 ہزار سے زائد مزید سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت دفاع نے نمائندوں نے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی کی قلت دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ وزارت دفاع جلد سیکیورٹی پر اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو دے گی۔