سٹی42: لاہور کے حلقہ این اے 127 سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔
این اے 127 کے ریٹرننگ افسر نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دو سیاسی جماعتوں سے وابستگی کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے، شکایت کنندہ محمد ایاز متعلقہ فورم پر رجوع کرے۔
ریٹرننگ افسر نے کہا کہ شکایت کنندہ ایاز این اے 127 سے تعلق نہیں رکھتا، شکایت کنندہ ایاز نارووال کا رہائشی ہے، محمد ایاز کے اعتراضات کو مسترد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی دو سیاسی جماعتوں سے وابستگی ہونے پر مسترد کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔