ویب ڈیسک:چین میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ایکس بی بی ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہوگئی۔
قومی ادارہ برائےصحت اور آغاخان یونیورسٹی کےماہرین نےایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی ہے۔این آئی ایچ اور آغا خان یونیورسٹی حکام نے بتایا کہ جینوم سیکونسنگ سے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی گئی ہے، ابھی تک پاکستان میں بی ایف7 ویرینٹ کی تصدیق نہیں ہوئی جو تیزی سے پھیلتا ہے۔
سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ غالب امکان ہے بی ایف7 ویرینٹ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے اور مجھے 100 فیصد یقین ہےکہ دونوں ویرینٹس پاکستان آچکے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق پاکستان کو دونوں نئے ویرینٹس سے کوئی بڑا خطرہ نہیں، یہاں قوت مدافعت بہت بہتر ہے، پاکستان میں آج بھی 15 کورونا کیس کی تصدیق ہوئی ہے اور مثبت شرح صرف اعشاریہ 40 فیصد تھی۔
ماہرین صحت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے چین جیسے حالات پیدا ہونے کا قطعاً کوئی امکان نہیں ہے۔