ویب ڈیسک: وٹس ایپ پر کیے جانیوالا تازہ ترین فراڈ منظر عام پر آگیا، اس فراڈ کو ''ریڈف ڈاٹ کام'' کا نام دیا گیا ہے اور اس سے سوشل میڈیا صارفین کے بینک اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرکے انہیں لوٹا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فراڈیئے اس وائرس کے ذریعے صارفین کے پرسنل کمپیوٹر کی ونڈوز ، آئی او ایس اور اینڈرائڈ فونز پر وٹس ایپ تک رسائی حاصل کرکے ان کی ذاتی معلومات، ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ اور بینک اکاؤنٹس کی انفارمیشن حاصل کرلیتے ہیں۔
واٹس ایپ پیغام میں صارفین کو سال نو کی مبارکباد کے ساتھ انہیں پرکشش اور قیمتی تحائف مفت دینے کا لالچ دیا جاتا ہے اور جب پیغام میں دئیے گئے لنک پر کلک کیا جاتا ہے تو ایک نیا صفحہ کھلتا ہے جس پر صارفین کو سروے کی غرض سے پر کرنے کے لئے کہا جاتا ہے۔ جب صارف اس فارم کو مکمل طور پر کرلیتا ہے تواب اس سے اس کی ذاتی معلومات جیسے کہ نام، والدین کے نام، تاریخ پیدائش، ذاتی رہائش کا پتہ، بینک اکاؤنٹس کی تفصیل اور دیگر حاصل کی جا تی ہیں۔
جونہی صارف اپنی ذاتی معلومات شیئر کرچکا ہوتا ہے تو فراڈئیے فوری طور پر حرکت میں آجاتے ہیں اور آپ کی ذاتی معلومات کا غیرقانونی استعمال کرتے ہوئے نہ صرف آپ کی ڈیوائس پر غیر ضروری اور نقصان دہ ایپلی کیشن انسٹال کردی جاتی ہیں بلکہ آپ کو پتہ چلنے سے پہلے ہی آپ کا بینک اکاؤنٹ بھی خالی ہوچکا ہوتا ہے۔
اس لئے ''ریڈف ڈاٹ کام'' کی طرف سے موصول ہونے والی کوئی بھی پیغام یا لنک کسی صورت نہ کھولا جائے اور اسے ''سپام'' تصور کرتے ہوئے فوری طور پر ڈیلیٹ کردیا جائے۔
ہوشیار، واٹس ایپ پر سال نو کا مبارکبادی پیغام آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کرسکتا ہے
3 Jan, 2022 | 02:26 PM