ویب ڈیسک : سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی ٹرین کی ڈرائیور اب سعودی خواتین بھی ہوں گی ، دوران تربیت چار ہزار جبکہ ملازمت شروع کرنے پر 8 ہزار ماہانہ تنخواہ ملے گی۔
سعودی ریلوے پولی ٹیکنک (ایس آر پی) نے اعلان کیا ہے کہ حرمین ایکسپریس ٹرین لیڈرز پروگرام میں تربیت حاصل کرنے کے لیے سعودی خواتین کی رجسٹریشن کی جائے گی اور اب سعودی خواتین جلد ہی مملکت کی حرمین ایکسپریس ٹرین چلا سکیں گی۔ یہ تیز رفتار سروس ہے جو مکہ اور مدینہ کے مقدس شہروں کو آپس میں جوڑتی ہے اور توقع ہے کہ ایک سال میں 60 ملین مسافر اس کے ذریعے سفر کریں گے۔
تربیت یافتہ افراد کو تربیتی مدت کے دوران ماہانہ چار ہزار سعودی ریال بونس ملے گا اور وہ زیر تربیت ملازم کے طور پر سوشل انشورنس سکیم میں رجسٹرڈ ہوں گے۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد خواتین کو آٹھ ہزار سعودی ریال تک ماہانہ تنخواہ ملے گی۔
ایس آر پی کے جنرل منیجر عبدالعزیز السُغیر نے کہا ہے کہ تربیتی پروگرام 15 فروری سے جدہ میں شروع ہوگا اور اس میں ریل پروجیکٹ سے منسلک کام کی جگہوں پر عملی تربیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی خواتین حرمین سروس کی زیادہ مانگ کے بعد مزید تربیت یافتہ ڈرائیورز کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد کریں گی۔