( راؤ دلشاد حسین ) سمن آباد مین بلیوارڈ سے ملحقہ سڑکوں اور گلیوں میں غیر قانونی طور گاڑیوں کی خرید وفروخت کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں سے گاڑیاں لاکر گلیوں اور سڑکوں پر کھڑی کرکے فروخت کی جارہی ہیں، جو اہل علاقہ اور کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کیلئے اذیت کا باعث بننے لگی۔
تفصیلات کے مطابق سمن آباد میں گاڑیوں کی غیر قانونی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری گھروں کے باہر اور مین بلیوارڈ کی آف روڈز پر گاڑیوں کی خرید وفروخت میں مصروف ہیں۔ کار ڈیلرز ایسوسی ایشن اور اہل علاقہ نے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی خرید وفروخت بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
چئیرمین کار ڈیلرز ایسوسی ایشن عمیر تجمل بالی نے کہا کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی خریدوفروخت سے زیادہ تر فراڈ کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی خریدوفروخت سے جعلی کاغذات اور جعلی کرنسی کی شکایات بڑھ رہی ہیں، کیونکہ دوسرے شہروں سے آنیوالے شہری غیر قانونی طور پر گاڑیاں فروخت کرتے ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس موثر آپریشن کرکے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی خرید وفروخت بند کرائے۔