گاڑی خریدنے کی خواہش رکھنے والوں کیلئے شاندار خبر

3 Jan, 2021 | 10:44 AM

M .SAJID .KHAN

(محمد علی رضا) یونائیٹڈ کمپنی نے ایک ہزار سی سی کار الفا مارکیٹ میں متعارف کرا دی۔ متوسط طبقے کی قوت خرید کو سامنے رکھتے ہوئے گاڑی کی قیمت چودہ لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ گروپ آف کمپنی نے چین کی چیری کمرشل وہیکل کے اشتراک سے ایک ہزار سی سی گاڑی الفا لانچ کر دی۔یونائیٹڈ گروپ کے سی ای او کا کہنا تھا کہ کمپنی نے موٹرسائیکل کی پروڈکشن میں مارکیٹ کو لیڈ کیا۔ 2018 میں آٹھ سو سی سی گاڑی متعارف کروائی۔ اب ہزار سی سی گاڑی لانچ کی ہے جو اپنے فیچرز اور ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کو پسند آئے گی۔
افتتاحی تقریب میں شریک وفاقی وزیر حماد اظہر نے یونائیٹڈ گروپ کو گاڑی لانچ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔تقریب میں شریک افراد نے گاڑی کے دیدہ زیب ڈیزائن کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونائیٹڈ الفا میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں کے تمام فیچرز شامل ہیں اور قیمت بھی تین سے چار لاکھ روپے کم ہے جو خوش آئند ہے۔

واضح رہے کہ  ٹیوٹا پنجاب اورڈائس فاؤنڈیشن یو ایس کے اشتراک سے اب پاکستان میں الیکٹرک کاریں بنیں گی، ٹیوٹا کے زیر اہتمام بنائی جانے والی الیکٹرک گاڑی 2023 میں لانچ کی جائے گی۔پاکستان کی 73سالہ تاریخ میں پہلی بار آٹو موبائل انڈسٹری میں کامیابی، ٹیوٹا پنجاب جدید ٹیکنالوجی اور فیچرز سے مزین الیکٹرک کار بنانے جارہاہے، جس کی ہر چیز پاکستان میں ہی ڈیزائن ہوگی۔ایم او یو پر چیئرمین ٹیوٹاعلی سلمان صدیق اور ڈائس فاونڈیشن کے چیئرمین خورشید نےدستخط کیے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کاکہناتھاکہ انڈسٹری میں ٹیکنالوجی کے باعث ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب درست سمت میں جا کر روشن منزل کی جانب رواں دواں ہوں گے۔چیئرمین ٹیوٹاعلی سلمان صدیق کا کہنا تھا کہ الیکٹرک کار بنانے سے طلباء کو تربیت اور بین الاقوامی اداروں میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

مزیدخبریں