نواز شریف اور مشرف کیلئے الگ قانون کیوں؟ مولانا فضل الرحمان

3 Jan, 2021 | 10:31 AM

Sughra Afzal

فیروز پور روڈ (فاران یامین، علی اکبر) پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فوج مخالف بیانات پر مقدمات قائم کرنے کی دھمکیاں دینے والے یہ ذہن میں رکھیں، ایف آئی آر درج ہونے کے72 گھنٹے بعد اس کی وزارت ختم ہوجائے گی، عمران خان پہلے استعفیٰ دیں گے، اس کے بعد دیکھیں گے کس سے مذاکرات کرنے ہیں؟ جے یو آئی ف میں ٹوٹ پھوٹ کا نہیں، کانٹ چھانٹ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

دارالعلوم عثمانیہ رسول پارک میں حافظ نصیراحمد احراراورمنیب جٹ کی دادی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف سازش نہیں بلکہ حکومت کے خاتمے کی تحریک چلا رہے ہیں، حکومت کے خلاف لڑائی کو جہاد سمجھتے ہیں۔

فضل الرحمٰن نے فوج کے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ فوج کا تقدس ہے۔ اگر سیاست میں مداخلت کرے گی تو ڈنکے کی چوٹ پر مخالفت اور بات کریں گے، مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر نیب کو خوب لتاڑا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور نوازشریف کیلئے ملک میں الگ الگ قانون ہیں۔ مشرف اشتہاری ہے، اس کے خلاف کیوں بات نہیں کی جاتی؟ فضل الرحمٰن نے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اکیس جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالی جائے گی، 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے علاوہ کشمیر فروشوں کے خلاف بھی ایک دن منایا جائے گا۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن )نے وزیر اعظم کو جونیئر ٹرمپ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصا ف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کیا جائے۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ نواز شریف علاج کے بعد بھی واپس آئیں، اس لئے ان کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ 

مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ ہونے پر پی ڈی ایم 19جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی، عمران خان ٹرمپ جونیئر ہے، امریکی عوام کی طرح پاکستانی عوام کو بھی جلد ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں کیا جا رہا، نواز شریف کے خلاف کیس ہو تو ایک روز میں فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا پی ڈی ایم میں کسی کو کسی سے کوئی ڈر نہیں، پی ڈی ایم نے وزیراعظم کو 31جنوری تک استعفے کی کی ڈیڈ لائن دی ہے۔اس کے بعد لانگ مارچ کا شیڈول جاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور حکومت میں آئی بی نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کیا لیکن موجودحکومت سکیورٹی اداروں کوسیاسی مخالفین کیلئے استعمال کر رہی ہے۔

مزیدخبریں