کورونا کا بڑا وار، ایک دن میں 13 اموات

3 Jan, 2021 | 09:40 AM

Shazia Bashir

جیل روڈ(بسام سلطان،قیصرکھوکھر،راؤدلشاد) کورونا کے جان لیوا وار جاری،لاہور میں کورونا مزید 13زندگیاں نگل گیا۔شہر میں کورونا کے 435 نئے  مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔شہر کے ہسپتالوں میں 80 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ وینٹی لیٹر پر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پنجاب بھر میں کورونا کے 733 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔43 اموات ہوئیں۔ لاہور میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد68ہزار736 اور اموات 1614 تک جا پہنچیں۔ پنجاب بھر میں کورونا کے ایک لاکھ 39ہزار341کیسز اور4ہزار805اموات ہوگئیں۔ پنجاب بھرمیں کورونا سے متاثرہ 124125 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

2778 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وارڈز میں خدمات سرانجام دیتے وائرس کی زد میں آئے۔ محکمہ انڈسٹریز کے مزید 4 ملازمین کا کوروناٹیسٹ مثبت آگیا۔ آصف علی،ظفرحسین ،حسن فائق اور اظہر اقبال کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری انڈسٹریز نے  ایس او پیز کے تحت50فیصد سٹاف کے فارمولے پر بھی عملدرآمد نہیں کیا۔ جس کے باعث ملازمین میں تشویش پائی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعدادایک لاکھ39ہزار341سے بڑھ گئی۔ گزشتہ روز15ہزار 582افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ایک روز میں 733کورونا کے پازیٹو کیس سامنے آئے۔جبکہ کورونا سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران43افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبے میں ایکٹو کیسوں کی مجموعی تعداد11ہزار 131 ہو گئی ہے۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کورونا سے جاں بحق ہونیوالے مریضوں کی تعداد4 ہزار85سے بڑھ گئی ہے۔ پنجاب میں 24لاکھ72ہزار 892سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ دریں اثنا ء کوروناوائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد ڈینگی بھی سر اٹھانے لگا

۔ڈینگی کے کنفرم کیسزکی تعداد 146 ہوگئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ لاہور، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی او ہیلتھ نے شرکت کی۔اجلاس میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اب تک کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

محکمہ بلدیات نے میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت بلدیاتی اداروں کو کوروناسرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے ڈیلی ویجز سینٹری اور سیور مین بھرتی کرنے کی اجازت دیدی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن 150 ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز کی خدمات 30 روز کیلئے حاصل کرسکے گی۔ میونسپل کارپوریشن 120، میونسپل کمیٹیاں 100 جبکہ ٹاؤن کمیٹیاں 50 ڈیلی ویجز سینٹری ورکرز بھرتی کرسکیں گی۔

چیف کارپوریشن آفیسر شوکت علی نے زونزمیں ڈیلی ویجز ملازمین رکھنے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

مزیدخبریں