قذافی بٹ: منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلی عالمی اسلامی اقتصادی کانفرنس کا افتتاحی سیشن، ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھاکہ اسلامک بینکنگ سیکٹر عالمی معیشت میں فعّال اور مرکزی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اسلامک بینکنگ سیکٹر دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہاہے۔ جس کا عالمی مالیاتی حجم 1ٹریلین امریکی ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔ سالانہ شرح نمو 15سے 20فیصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامک بینکنگ جن ممالک میں تیزی سے فروغ پارہی ہے پاکستان ان میں سے ایک ملک ہے۔ اسلامک بینکنگ پروڈکٹس اور سروسز کے فروغ کے ضمن میں حائل رکاوٹیں دور کردی جائیں تو اس سیکٹر کی شرح نمو میں مختصر وقت میں مزید بہتری اور تیزی لائی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ فقہی مذاہب کے قوانین میں عدم مطابقت اور امتیازی اطلاق کو ختم کرنا ہوگا۔ پائیدار ترقی کے لیے علاقائی معیارپرآفاقی معیارقائم کرنا ہوں گے۔ اس وقت عالم اسلام کومستحکم معاشی بنیادوں پر عالمی اقتصادی تشخص قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والی عالمی اسلامی،اقتصادی اور فنانس کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا،یو کے، انڈونیشا،ملائیشا،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔