ویب ڈیسک: متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہنے والے مفتی قوی بھی بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کے خواہشمند نکلے، انہوں نے اداکارہ سے مشروط نکاح کی خواہش کا اظہار کردیا۔
مفتی قوی نے ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا،مفتی قوی کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنے نکاحوں کی تعداد نہیں بتائیں گے، وہ اپنے نکاحوں کی بات خفیہ رکھیں گے۔
مفتی قوی نے کہا کہ وہ راکھی ساونت سے نکاح کیلئے تیار ہیں لیکن ان کی صرف ایک ہی شرط ہے کہ وہ بتائیں کہ کہیں ان کا ہندو یا مسلم مذہب کے تحت پہلے سے کوئی نکاح تو نہیں ہے؟ساتھ ہی انہوں نے یہ شرط بھی رکھی کہ وہ راکھی ساونت سے نکاح کرنے سے قبل اپنی والدہ سے اجازت لیں گے اور اگر ان کی والدہ رضامند ہوئیں تو وہ نکاح کیلئے تیار ہیں۔
مفتی قوی کی جانب سے راکھی ساونت سے مشروط نکاح کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے،مفتی قوی ماضی میں متنازع ماڈلز، ٹک ٹاکرز و اداکاراؤں کے ساتھ ویڈیوز، تصاویر اور سیلفیاں بنوانے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے کچھ عرصہ قبل میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی مرد سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان نے ویڈیو پیغام میں راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی تھی، جسے راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔