ویب ڈیسک : کسٹم حکام نے 73 ارب روپے کے سولر پینلز کی امپورٹ کے اسکینڈل میں ملوث مرکزی ملزم رب نواز کو گرفتار کر لیا۔
کسٹم حکام کے مطابق سولر پینلز کی امپورٹ میں ٹیکس چوری کا ملزم 30 ہزار روپےکی تنخواہ پر کام کر رہا تھا، سولر پینل کی آڑ میں 73 ارب روپے کی ٹیکس چوری کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ سولر پینل کی امپورٹ میں 30 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چوری میں بے نامی بھی شامل ہیں جبکہ سولر پینل کی امپورٹ میں 450 کمپنیوں کے حساب کی چھان بین کی گئی۔حکام کا بتانا ہے کہ سولر پینل کی امپورٹ میں 80 امپورٹرز کو ہائی رسک قرار دیا گیا تھا، اس ہائی پروفائل اسکینڈل میں امپورٹ میں 63 کمپنیوں نے اوور انوائسنگ کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم رب نواز گرفتاری سے چھپ کر ضمانت کی کوششیں اور اثر و رسوخ کا استعمال کرتا رہا، یہی نہیں رب نوازکسٹم کورٹ کراچی میں بھی کئی گھنٹے تک چھپا رہا۔ حکام کے مطابق مرکزی ملزم جج کےچلے جانےکے باوجود عدالت میں موجود رہا تاہم بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری سے سولر پینل امپورٹ اسکینڈل میں مزید تحقیقات ہو سکے گی۔