ویب ڈیسک: ازبکستان کے چڑیا گھر میں ایک بےرحم اور سفاک ماں نے اپنی 3 سالہ بیٹی کو ریچھ کے آگے ڈال دیا ،واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ازبکستان کے چڑیا گھر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب ایک ماں نے اپنی تین سالہ بیٹی کو ریچھ کے آگے پھینک دیا۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں اپنی بیٹی اور دیگر لوگوں کے ساتھ 16 فٹ اوپر سے نیچے گھومنے والے ریچھ کو دیکھ رہی ہے اور پھر وہ اتنی اونچائی سے اپنی معصوم بچی کو نیچے ریچھ کے آگے پھینک دیتی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جب چھوٹی بچی ریچھ کی خندق میں آکر گِری تو ریچھ بچی کے پاس گیا اور اُسے سونگھنے لگا، خوش قسمتی سے، ریچھ بچی کو سونگھنے کے بعد وہاں سے چلا گیا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔
چڑیا گھر کے مالکان بچی کو بچانے کے لیے خندق کے اندر گئے اور بحفاظت بچی کو باہر لے آئے۔ بچی کی سفاک ماں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم ماں کو حراست میں لے لیا گیا اور اس پر قتل کی کوشش کا الزام لگایا گیا ہے۔
جرم ثابت ہونے پر اسے 15 سال تک قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ بچی کو سر پر چوٹ آئی ہے اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔دوسری جانب چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مکمل طور پر واضح نہیں تھا کہ اُس ماں کو اپنی بیٹی کو پھینکنے کا مقصد کیا تھا، زائرین اور چڑیا گھر کا عملہ دونوں اسے روکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن وہ ناکام رہے۔