جنید ریاض: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سرکاری سکول میں دوپہر کا مفت کھانا فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مفت کھانا فراہم کرنے سے 33 فیصد بچوں کی حاضری میں اضافہ ہوا جبکہ 77 فیصد تک بچوں کی صحت بہتر ہوئی ہے۔
صوبائی وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے سکول کھانا پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد سی ڈی جی پرائمری سکول بھابھڑہ فیروز پور روڈ میں کیا گیا۔ اس موقع پر مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول کھانا پروگرام کے فروغ کیلئے تعاون کرنے پر اللہ والے ٹرسٹ اور ہنڈا پاکستان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سکول کھانا پروگرام کا انعقاد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے آغازہی میں ہمارے بچوں میں معیاری نشوونما کے حوالے مسائل کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی۔
مراد راس نے بتایا کہ لاہور میں سکول کھانا پروگرام کے آغاز کی بدولت طلبا کی حاضری میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ طلباکی صحت میں 77 فیصد تک بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک سکول کے بچوں کو کھانا فراہم کرنے کیلئے سالانہ 15 لاکھ روپے کے اخراجات درکار ہیں۔