زہریلی کوکین کے استعمال سے 20 افراد ہلاک، درجنوں کی حالت نازک

3 Feb, 2022 | 12:57 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں20 افراد  زہریلی  کوکین کے استعمال سے ہلاک جبکہ 74 کی حالت نازک ہونے پر انہیں اسپتال داخل کرادیا گیا۔ 
رپورٹ کے مطابق شہر کے آٹھ ہسپتالوں میں زہر آلود کوکین سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں خریدی جانے والی کوکین استعمال کیے بغیر ضائع کر دی جائے۔ اس حوالے سے پولیس نے زہریلی کوکین بیچنے والے  ایک ہی خاندان کے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
بیونس آئرس کے سکیورٹی چیف سرگیو برنی نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ زہریلے مواد کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اسے پھیلنے سے بچایا جا سکے۔زہر آلود کوکین مشاہدے کے لیے لیبارٹری بھجوا دی گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق کوکین استعمال کرنے والے مریضوں کو اچانک دل کا دورہ پڑا یا پھر ان پر شدید کپکپی طاری ہوئی۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
سکیورٹی چیف سرگیو برنی نے بتایا کہ زیادہ منافع حاصل کرنے کی غرض سے کوکین خریدنے اور آگے فروخت کرنے والا ہر ڈیلر وزن بڑھانے کے لئے اس میں سٹارچ یا کوئی اور غیر زہریلا مواد شامل کرتا ہے۔
یاد رہے کئی دفعہ ڈرگرڈیلرز اپنی کوکین کو زیادہ نشہ آور بنانے کے لئے اس میں چھپکلی اور سانپ کے زہر بھی شامل کرتے ہیں۔

مزیدخبریں