سیشن عدالت، اڑھائی سالہ بچے کے ساتھ بدفعلی کرنے کے بعد کرنٹ لگا کر قتل کرنے کے کیس کا فیصلہ جاری، عدالت نے درندہ صفت ملزم ندیم اسلم کو سزائے موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کو مختلف دفعات کے تحت ساڑھے چار لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ مقدمہ مدعی کی جانب سے وکیل مدثر بلوچ نے دلائل مکمل کیے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ نے کیس پر فیصلہ سنایا۔ ملزم کو اغوا کی دفعہ کے تحت سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی، ملزم کو بدفعلی کی دفعہ کے تحت عمر قید کی سزا اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے قتل کی دفعہ کے تحت ملزم کو سزائے موت اور تین لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ ملزم ندیم اسلم کو جیل سے لا کر عدالت پیش کیا گیا۔ عدالتی فیصلہ سننے کے بعد ملزم کمرہ عدالت میں رو رو کر رحم کی اپیل کرتا رہا جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ ہنجروال میں مقدمہ درج ہے۔