(جنید ریاض) محکمہ سکول ایجوکیشن نے ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے سکول سربراہان کو چھوٹ دے دی، اب ڈینگی تدارک کیلئے سکول سربراہان کو روزانہ 30 تصاویر اپ لوڈنہیں کرنا پڑیں گی، پرائمری سکولوں کو 5 ، ایلمنٹری کو 10 اور ہائی سکولوں کو صرف 15 تصاویر اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے 48 ہزار سکول سربراہان کی بڑی مشکل حل کردی، اب سکول سربراہان کو اینٹی ڈینگی ایپ پر روزانہ 30 تصاویر اپ لوڈ نہیں کرنا پڑیں گی، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈینگی تدارک کیلئے تصاویر کی تعداد میں کمی کردی ہے، پرائمری سکول 5، ایلمنٹری سکول 10 اور ہائی سکول 15 تصاویر اپ لوڈ کریں گے، ڈینگی تدارک کیلئے تصاویر روزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کرنا ہونگی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو ب فارم کے اندارج کیلئے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع دے دی، سکول سربراہان کو ب فارم کے اندراج کا ہدف 28 فروری تک مکمل کرنا ہوگا، اس سے قبل سکولوں میں ب فارم کے اندرج کی تاریخ 31 جنوری مقرر کی گئی تھی، صوبہ بھر کے سکولوں میں ب فارم کے اندراج کا کام 82 فیصد مکمل کیا جاچکا ہے، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے مطابق ب فارم کے اندراج سے سکولوں میں طلبا کی اصل تعداد کا تعین ہوسکے گا۔