مال روڈ (قذافی بٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان (ن) لیگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر الزام عائد کیا کہ سینیٹ انتخابات میں ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے دے کر خریدا جا رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوٹے پی ٹی آئی کے ترجمان بن گئے ہیں، میڈیا ان کو مسلم لیگ( ن )کے اراکین کہنا چھوڑ دے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم لوٹوں کو پارٹی سے نکال چکے ہیں، پارٹی کو دغا دینے والے کو نشان عبرت بنایا جائے گا، ایسے فصلی بٹیروں کی مسلم لیگ (ن) کو ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشرف انصاری استعفیٰ دیں اور پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑلیں۔
دوسری جانب لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن ) کے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی نشاط احمد ڈاہا، فیصل خان نیازی، میاں جلیل شرقپوری اور اشرف انصاری نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے سے متفق نہیں، جب کبھی مشکل وقت آیا، میاں نواز شریف ملک چھوڑ کر بھاگ گئے، ہم ہمیشہ سے مسلم لیگ کا حصہ تھے اور رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے اداروں کے خلاف جو باتیں کی وہ ان کی کم سمجھی تھی، اداروں کیخلاف جنگ کرنا حل نہیں، مریم نواز کا آر یا پار سب نے دیکھ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے تو (ن) لیگ سینیٹ کا الیکشن لڑنے کی تیاری کیوں کی کررہی ہے؟ نواز شریف میدان میں رہیں خود کو سچا ثابت کریں، آج ووٹ کی اکثریت عمراں خان کے پاس ہے، پنجاب میں اکثریت عثمان بزدار کے پاس ہے، ہمیں چاہیے ان کا مینڈنٹ تسلیم کریں، جلوس نکالنے سے مہنگائی ختم نہیں ہو گی اگر استعفے دینے ہیں تو سب سے پہلے استعفے دینے کو تیار ہیں، پہلے مریم نواز اپنا وعدہ پورا کریں۔ اور استعفے ایوان میں پیش کریں۔
ایم پی اشرف انصاری کا کہنا تھا کہ حلقے کی بہتری کے لئے وزیر اعلیٰ کے سامنے جو گزارشات رکھیں، وہ انہوں نے پوری کیں، حلقے کے حق کی نمائندگی کے لئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی آئندہ بھی کریں گے۔ نشاط خان ڈاہا کا کہنا تھا کہ سچ بولنا بھی جہاد ہے، چور مچائے شور (ن) لیگ اپنی بدیانتی، منافقت بچانے کے لیے شور مچا رہی ہے، کیونکہ وہ جانتی ہے اگر یہ چُپ بیٹھے تو نیازی ان کو نہیں چھوڑے گا۔