ویٹرنری ڈاکٹرز کیلئےخوشخبری

3 Feb, 2021 | 09:20 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) ویٹرنری ڈاکٹرز کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب نے ویٹرنری کمیشن کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، حکومت کی لائیو سٹاک پالیسی بھی تیار، کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں لائیو ویٹرنری کلینکس کو چیک کرنے کیلئے پنجاب ویٹرنری ہیلتھ کیئر کمیشن قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیشن کے تحت ویٹرنری ڈاکٹروں کیلئے بھی ہاؤس جاب شروع کی جائیں گی، جبکہ لاہور سمیت 9 ویٹرنری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

 اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ لائیو سٹاک فارمز کیلئے ہیلپ لائن 9211 کو فعال کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمے کو صوبے کے لائیوسٹاک کا مستند ڈیٹا اکٹھا کرنے اور چھوٹے لائیوسٹاک بریڈرز کیلئے جدید تربیت کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک فارمرز کو جدید سائنٹیفک طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا اور زیادہ دودھ اور گوشت والے مویشیوں کی نسل کو فروغ دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گلشن اقبال پارک میں ناقص سنگ تراشی کرکے مفکر پاکستان علامہ اقبال کے رکھے جانے والے مجسمے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی اور تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں مجسمہ رکھنے کا واقعہ متعلقہ حکام کی غفلت ہے، کوتاہی برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔

مزیدخبریں