عدالت کا میڈیکل کالجز میں داخلوں سے متعلق اہم فیصلہ

3 Feb, 2020 | 08:00 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) میڈیکل کالجز میں میرٹ پر داخلے نہ کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں تا حکم ثانی طلبا کے داخلے روک دئیے، عدالت نے وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنز کو طلبہ کے داخلوں کے متعلق درخواستوں پر سترہ فروری تک فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد وحید نے ایقان احمد سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ میڈیکل کالجز میں میرٹ پالیسی کے مطابق داخلے نہیں دئیے جارہے، زیادہ نمبرز لینے والوں کو دوردراز جبکہ کم نمبرز والوں کو لاہور کے میڈیکل کالجز میں داخلے دئیے جارہے ہیں۔ یو ایچ ایس کی اپ گریڈیشن داخلہ پالیسی پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنز کو درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہورہی۔

درخواستگزاروں نے استدعا کی کہ عدالت یو ایچ ایس کی میرٹ پالیسی پر عمل درآمد کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ وہ دس فروری کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ کے روبرو پیش ہوں۔

عدالت اور وی سی یو ایچ ایس میڈیکل کالجز کے داخلوں کے متعلق ایک ہفتے تک فیصلہ کریں، جب تک وی سی درخواستوں پر فیصلہ نہیں کرتے اس وقت تک کسی طالب علم کو میڈیکل کالجز میں داخلہ نہ دیا جائے۔

مزیدخبریں