(زین مدنی ) ڈرامہ میرے پاس تم ہو کو بعض مکالموں کے علاوہ موضوع کے حوالے سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت سے لوگوں کو ہیرو کی موت ہضم نہیں ہوئی تو بعض کو لگا کہ رائٹرنے سارا ملبہ عورت پرگرا دیا ہے۔ مقبولیت کے لحاظ سے سرفہرست رہنے والا یہ ڈرامہ اختتام کے بعد بھی زیربحث ہے، ایسے میں اداکارہ عشنا شاہ نے بھی اپنی رائے ظاہرکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر عشنا نے لکھا مجھے میرے پاس تم ہو کے اختتام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ٹھیک ہے وہ مہوش بری ہے، اس نے دھوکہ دیا لیکن میں اپنے ڈائریکٹرز سے ہاتھ جوڑ کر کہتی ہوں کہ میرے کرداروں کو اپنے دھوکہ باز، تشدد کرنے والوں شوہروں کو چھوڑنے والا بنائیں لیکن آخرمیں عورت ہی گھر بچاتی ہے۔
اس ڈرامے کے موضوع سے معاشرے کے مختلف طبقوں میں جس بحث کا آغاز ہوچکا ہے، اس کی گونج شاید بہت دنوں تک رہے گی۔معاشرے کا ایک طبقہ اس ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے عورت سے متعلق خیالات کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ان سے نظریاتی اختلاف رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے انہیں بہت سے حلقوں سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے، گو کہ خلیل الرحمان قمر یہ دعوی کرتے ہیں کہ وہ عورت کو مرد سے بہترسمجھتے ہیں لیکن الفاظ کا چنا کہیں نہ کہیں ان کیلئے مشکل کھڑی کردیتا ہے۔
عشنا شاہ معروف ٹی وی آرٹسٹ عصمت طاہرہ کی بیٹی اور ارسہ غزل کی بہن ہیں جنہوں نے سال 2013 میں ڈرامہ خوابوں کا دیا سے ڈیبیو کیا۔ سال 2014 میں عشنا کو میگا ڈرامہ سیریل بشرمومن سے نمایا پہچان ملی۔