سٹی42: گرمی کا موسم ختم ہونے کے نتیجہ میں شہریوں کو بجلی کا خرچ از خود کم ہو جانے سے بجلی کے بھاری بلز سے کچھ ریلیف ملا تو نیچرل گیس بیچنے والی سرکاری کمپنیوں نے شہریوں کے گلے پر ناخن رکھ دیا۔ سوئی ناردرن اور سدرن نے گیس قیمتوں میں بھاری اضافے کے لیے درخواستیں اوگرا میں جمع کرا دی ہیں۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس کی اوسط قیمت میں 64 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے اور گیس کی اوسط قیمت بڑھا کر 1810روپے36 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
سوئی سدرن نے 669 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ مانگا ہے اور اوسط قیمت 1920 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
اوگرا نےگیس کمپنیوں کی درخواستوں پرگیس صارفین سے تجاویز مانگ لی ہیں۔
اوگرا سوئی ناردرن گیس کمپنی کی درخواست پر 5 نومبر اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی درخواست پر 8 نومبر کو سماعت کرے گی۔
اوگرا سماعتوں کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد گیس قیمتوں کا حتمی فیصلہ ہو سکےگا۔