چند ایسے موبائل فونز جن پر واٹس ایپ بند ہوجائے گا

3 Dec, 2024 | 05:22 PM

ویب ڈیسک:اگر آپ 10 یا 11 سال پرانے آئی فون کو استعمال کررہے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے بدل لیں ، ورنہ بہت جلد واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

   رپورٹ کے مطابق مئی 2025 سے چند پرانے آئی فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کی جا رہی ہے۔  واٹس ایپ کو مسلسل اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور رپورٹ کے مطابق چند پرانے آئی فون ماڈلز پر مئی 2025 سے واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ ابھی آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 12 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہوتی ہے۔  مگر بہت جلد آئی او ایس 15.1 یا اس کے بعد کے ورژن والے آئی فون ماڈلز پر ہی واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا،اس تبدیلی سے آئی فون 5 ایس، آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس استعمال کرنے والے واٹس ایپ صارفین متاثر ہوں گے کیونکہ ان ماڈلز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔

 یہ ماڈلز ابھی آئی او ایس 12.5.7 ورژن پر کام کر رہے ہیں۔ دیگر پرانے آئی فونز جیسے آئی فون 6 ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز استعمال کرنے والے صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 15 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا تاکہ وہ میسجنگ ایپ کو استعمال کرسکیں۔ ویسے ابھی بھی زیادہ تر آئی فونز میں آئی او ایس 15 یا اس کے بعد کے ورژن موجود ہے مگر ایسے پرانے فونز کی تعداد بھی کم نہیں جن میں پرانے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا جارہا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے، جس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔ اس سے قبل واٹس ایپ نے 24 اکتوبر 2022 کو آئی او ایس 10 اور 11 پر کام کرنے والے آئی فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کی تھی۔

مزیدخبریں