سٹی42 : صدر مملکت آصف علی زرداری نےخصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے عالمی دن منا رہے ہیں، خصوصی افراد کی استقامت، ہمت اور قابلِ قدر کردار کا اعتراف کرتے ہیں، معاون ٹیکنالوجی، عوامی مقامات تک خصوصی افراد کی رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو قابلیت کی بنیاد پر روزگار فراہم کرنا ہو گا، ان افراد کی ترقی کے لیے ضروری وسائل بھی مہیا کئے جائیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں،ان کہنا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کے لیے کونسل کا قیام درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی جانب اہم قدم ہے جبکہ کونسل خصوصی افراد کے حقوق ، بہبود کے لیے پالیسیوں کی تشکیل، نفاذ، آگہی میں مرکزی ادارے کا کام کرے گی۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کو خصوصی افراد کے لیے خصوصی تعلیم و تربیت کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی افراد کے لیے تعلیمی مراکز ، پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کا ملک گیر نیٹ ورک تیار کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی کوٹے کے نفاذ سے خصوصی افراد کو روزگار تک رسائی حاصل ہو گی۔