ہلکی بوندا باندی، ٹھنڈی ہواؤں نے لاہور کا موسم خوشگوار بنا دیا

3 Dec, 2024 | 08:57 AM

فاران یامین:  لاہور میں رات گئے  مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ 

ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، نشتر، چونگی امر سدھو، اچھرہ سمیت رائیونڈ، کینال روڈ، مزنگ، جیل روڈ اور کلمہ چوک میں بھی بوندا باندی ہوئی۔بوندا باندی کے باعث ہوا میں خنکی بڑھ گئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ شہر کا موسم سرد اور خشک ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق   لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور برقرار ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 234 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ باغوں کا شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ فدا حسین روڈ پر آلودگی کی شرح 273، سی ای آر پی آفس میں 266، امریکی قونصلیٹ میں 258 اور یو سی پی میں 246 ریکارڈ کی گئی۔ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی میں بھی سرد ہواؤں نے انٹری دے دی ۔محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی کا موسم تبدیل ہونے کی پیش گوئی کردی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  کراچی میں آج سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے سردی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے جبکہ  آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا آج پہلا نمبر ہے، صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈکس 233 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے تاہم با لا ئی خیبر پختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح /رات کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائےرہنے کی توقع ہے۔

  بالائی علاقوں میں بلا کی ٹھنڈ،،پہاڑوں پر ہر سو سفیدی چھا گئی۔گلگت بلتستان میں برف باری کا سلسلہ جاری رہا، خنجراب بارڈر پر شدید برف باری کی وجہ سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔وادی چپورسن، گوجال، استور، منی مرگ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔سوات کے علاقے کالام میں برف باری کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ بالاکوٹ اور وادی کاغان کے پہاڑ روئی کے سفید گالوں سے ڈھک گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہےگا۔

مزیدخبریں