اٹلس ہونڈا نے الیکٹرک بائیک پاکستان میں متعارف کروادی

3 Dec, 2023 | 10:08 PM

سٹی42:  اٹلس ہونڈا نے اپنی الیکٹرک موٹر سائیکل ہونڈا  بینلی ای پاکستان میں متعارف کرا دی تاہم اس بائیک کو خریداروں تک پہنچنے میں ایک سال لگے گا۔

بینلی ای  الیکٹرک بائیک کی رونمائی اٹلس ہونڈا کی شیخوپورہ فیکٹری میں پاکستان میں کمپنی کے آپریشنز کے 60 سال مکمل ہونے پر کی گئی۔

ہونڈا نے 1994 میں دنیا کی پہلی تجارتی طور پر دستیاب الیکٹرک موٹرسائیکل لانچ کی تھی، اور تب سے وہ الیکٹرک موٹر سائیکلوں میں عالمی مارکیٹ لیڈر ہے۔ حالیہ برسوں میں، ہونڈا "موبائل پاور پیک" کے ساتھ الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے مسائل کو حل کر رہی ہے، جیسے کروزنگ رینج اور چارجنگ ٹائم، "موبائل پاور پیک،" ایک بدلی جانے والی بیٹری، اور اس کا مقصد 2021 تک اس ٹیکنالوجی کو کاروباری استعمال میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں تک پھیلانا  اور الیکٹرک موٹر سائیکلوں کو مقبول بنانا ہے۔

اٹلس ہونڈا نے بینلی ای الیکٹرک بائیک 2019 میں لانچ کی تھی۔ اس کے چار  ماڈل بینلی ای، بینلی ای آئی پرو، بینلی ای 2 اور بینلی ای 2 پرو  ہیں۔ یہ بائیک اب تک  صرف سفید رنگ میں دستیاب ہے۔

اٹلس ہونڈا  کے منتظمین کا کہنا ہے  کہ ہونڈا بینلی ای کی آزمائشی مارکیٹنگ کے بعد فیڈ بیک دیکھتے ہوئے پروڈکشن شروع کی جائے گی۔اندازہ ہے کہ اس الیکٹرک بائیک کو پاکستان میں دستیاب ہونے میں ایک سال لگ سکتا ہے،اس کی قیمت کا تعین کمپنی کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا،قیمت زیادہ ہوئی تو اس کی مارکیٹ بہت سکڑ جائے گی کیونکہ پاکستان میں الیکٹرک بائیک کا رجحان ابھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

پاکستان کےاٹلس گروپ اور ہونڈا موٹر کمپنی کے درمیان موٹر سائیکل اور آٹو پارٹس کی مینوفیکچرنگ میں 1963 سےاشتراک چل رہاے۔ پاکستان میں ہونڈا کی پٹرول سے چلنے والی بائیکس تاحال مقبول ترین ہیں اور  گزشتہ دو دہائیوں میں چینی مینوفیکچرڈ موٹر بائیکس کے کئی برانڈز  کی اگریسو مارکیٹنگ کے باوجود پاکستان میں ہونڈا کو ہی مارکیٹ لیڈر تصور کیا جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں