سٹی42: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے انتخاب کو’’سلیکشن‘‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا انتخاب سلیکشن تھا جو 15 منٹ میں مکمل ہو گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک بار پھر "سلیکشن" کاعمل صرف 15منٹ میں مکمل ہوگیا، عوام، الیکشن کمیشن اور اپنے پارٹی ورکرز کی آنکھوں میں مٹی ڈالنےکی کوشش کی گئی، نامعلوم اورخفیہ مقام پریہ کیسا الیکشن تھا جس کا کوئی تجویزکنندہ تھانہ ہی تائیدکنندہ؟ ووٹرزتھےنہ ووٹرلسٹ، پریذائیڈنگ افسرتھا نہ الیکشن پراسیس؟ بانی رہنماؤں اور کارکنوں کےخوف سےانہیں الیکشن پراسیس سےہی باہرکردیاگیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسےپارٹی میں "آمریت" اور "سلیکشن" کہتے ہیں،یہ جمہوریت،الیکشن کمیشن اورپارٹی ورکرزسےسنگین مذاق ہے، پارٹی میں بانی رہنماؤں اورکارکنوں کو "لیول پلیئنگ فیلڈ " نہیں دی گئی، کارکنوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے والے ملک میں "لیول پلیئنگ فیلڈ" کا مطالبہ کررہے ہیں۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ آرٹی ایس بٹھاکراقتدار میں آنیوالوں کی عادت نہیں بدلی، آرٹی ایس سے اقتدار میں آنے والی جماعت کوالیکشن کاکیاپتا، پارٹی کےاندرانتخابات کی شفافیت عوام کونظرآنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نےشورمچارکھا ہےکہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، ان کی آئیڈیالوجی ہی آرٹی ایس بٹھا کرالیکشن لڑنا ہے۔