راؤدلشاد: پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس تقریباً 7 گھنٹے جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر، اجلاس میں 34 نشستوں کیلئے 105 امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے کی، اجلاس میں مریم نواز اور چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے، اجلاس میں پارٹی جنرل سیکرٹری احسن اقبال، صوبائی صدر رانا ثناء اللہ اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طارق فضل چودھری سمیت سینئر قیادت بھی شریک ہوئی۔
اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے لئے قائم کی گئی سب پارلیمانی پارٹی کی جانب سے شارٹ لسٹ کئے گئے 105 امیدواروں کو طلب کیا گیا، اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 34 مجموعی حلقوں سے پارٹی ٹکٹوں کے خواہشمندوں کے انٹرویو کئے گئے۔
اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کی قومی اسمبلی کی کل 11 نشستوں کے لئے 38 اور صوبائی اسمبلی کی کل 23 نشستوں کے لئے 67 امیدواروں کے انٹرویو کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق سرگودھا ڈویژن کے ممکنہ امیدواروں کا آج ہی اعلان کئے جانے کا امکان ہے،اجلاس کے بعد پارٹی صدر شہباز شریف ماڈل ٹاون سیکرٹریٹ سے واپس روانہ ہو گئے، پارلیمانی بورڈ کا دوسرا اجلاس اتوار کو ہو گا، اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے شارٹ لسٹڈ ممکنہ امیدواروں کے انٹرویو کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن کی جانب سے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ، شوکازنوٹس کے متن کے مطابق دانیال عزیز کے بیان کی وجہ سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، دانیال عزیز کو سات روز کے اندر اپنے بیان کے بارے پارٹی کو جواب دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے دانیال عزیز کو نوٹس دیتے ہوئے وضاحت مانگ لی،نوٹس کے متن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کا آئین اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ ہر رکن پارٹی کے ڈسپلن کی پابندی کرے۔30نومبر کا میڈیا پربیان پارٹی ڈسپلن اور پالیسی کی خلاف ورزی اور حقائق کے برخلاف ہے۔ ہررکن کا فرض ہے کہ اگر اسے کوئی شکایت ہے تو وہ پارٹی قیادت یا متعلقہ فورم کواپنی شکایت پیش کرے ۔
صوبائی صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ خان کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے تمام امیدواروں کو بلایا گیا،7 گھنٹے تک پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری رہا،80 فیصد تک امیدواروں پر اتفاق رائے ہوچکا ہے،جہاں کوئی ایشو ہے وہاں کمیٹی بناکر ایڈریس کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی ڈسپلن کا سختی سے نوٹس لیاگیا ہے اسی وجہ سے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس دیاگیا ہے، دانیال عزیز متنازع بیان بازی سے پرہیز کریں، دانیال عزیز بیان کی وضاحت کریں اور رویہ درست کریں۔