ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ کا تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ 

3 Dec, 2023 | 01:24 AM

This browser does not support the video element.

سٹی42: ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ مارٹن ریزر نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ کو دورے میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے 2025، داسو پراجیکٹ سے2026میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ 

 ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ مارٹن ریزر(Martin Raiser) نے آج ورلڈ بنک کے 4رکنی وفد کے ہمراہ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بنک ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ بھی اِس موقع پر ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ کے ہمراہ تھے۔

اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر5  پر زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے بتایا کہ اِس وقت منصوبے کی تمام اہم سائٹس پر کام جاری ہے جن میں پاور ہاؤس، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ قابلِ ذکر ہیں۔ اِس منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگااٹ ہے جس کے مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔  تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

 بعد ازاں ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ نے ورلڈ بنک کی معاونت سے 2018 میں مکمل کئے گئے تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی گھرکا بھی دورہ کیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ پن بجلی گھر اپنی تکمیل سے اب تک نیشنل گرڈ کو 22  ارب 56کروڑ یونٹ پن بجلی فراہم کر چکا ہے۔

 دورے کے دوسرے مرحلے میں ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ، خیبرپختونخوا میں داسو سے بالائی جانب دریائے سندھ پر زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پہنچے۔اُنہوں نے پراجیکٹ کے زیر زمین پاور ہاؤس اور ٹرانسفارمر ہال کے علادہ پراجیکٹ کالونی پر تعمیراتی پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔

بریفنگ کے دوران داسو پراجیکٹ ٹیم نے بتایا کہ منصوبے کے مین ورکس کی تمام سائٹس پر کام جاری ہے۔ رواں سال کے آغازمیں مکمل کیا گیا ریورڈائی ورشن سسٹم تسلی بخش طور پر کام کر رہا ہے۔فلشنگ ٹنل مکمل کی جاچکی ہے۔ رائٹ بنک بائی پاس ٹنل کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ مین ڈیم کے دائیں اور بائیں دونوں کناروں کے ساتھ ساتھ اِن ٹیک، پاور ہاؤس، ٹیل ریس ٹنل اورٹرانسفارمر ہال کی کھدائی کا کام جاری ہے۔

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 320 میگاواٹ ہے۔ اسے دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ دو ہزار 160میگاواٹ کے پہلے مرحلے پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ پہلے مرحلے کی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو ہر سال 12ارب سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کی جائے گی۔ داسو پراجیکٹ کے پہلے مرحلہ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز 2026 میں  متوقع ہے۔

مزیدخبریں