الیکشن دسمبر میں ہوں یا جنوری نواز شریف آجائیں گے، رانا ثنا اللّٰہ

3 Dec, 2022 | 10:14 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک:وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے اندر جانا ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ منشیات اسمگلنگ کے کیس میں لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیشی کے لیے پہنچ گئے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہاکہ فرح گوگی پنجاب سے کروڑوں روپے پوسٹنگ ٹرانسفرز کے پیسے اکٹھی کرتی رہی، گھڑیاں چوری کر کے قوم اور ملک کی عزت کو نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں گفتگو اور مذاکرات کے بغیر آپ آگے نہیں بڑھ سکتے، سیاست میں ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے۔ رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں سب کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے، جمہوریت میں مسائل مشاورت سے حل ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، صوبائی اسمبلیوں کے مستقبل سے متعلق کل بھی مشاورت ہوئی تھی آج بھی مشاورت ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے ساتھ بھی مشاورت کریں گے، الیکشن اگر دسمبر میں ہوں یا جنوری نواز شریف آجائیں گے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وفاق، سندھ، بلوچستان میں ہماری حکومتیں برقرار رہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے، الیکشن میں جانے سے پہلے لوگوں کے سامنے مہنگائی کی وجوہات رکھیں گے، ہماری نہیں تو لوگ نواز شریف کی بات ضرور سنیں گے۔ رانا ثنا اللّٰہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ کہتا ہے کہ مر جاؤں گا، مخالفین سے بات نہیں کروں گا، عمران خان نے پہلی بار کہا ہےکہ بات کرنے کو تیار ہیں،وزیراعظم اتحادیوں کی مشاورت سےگفتگو کا فیصلہ کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ میرے اور عمران خان کے خون کی جانچ کرالیں، پتہ لگ جائے گا نشہ کس کے خون میں ہے، القادر ٹرسٹ کی 5 ارب روپے کی پراپرٹی لے کر 50 ارب کا ٹیکہ لگایا گیا۔

مزیدخبریں