لاہور ہائیکورٹ کےحکم پرشہر میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن

3 Dec, 2021 | 02:55 PM

Ibrar Ahmad

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نےسموگ تدارک کے لئے موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کیلئے ایم ٹیگ لازمی قرار دیتے ہوئے بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں پر دو ہزار روہے جرمانہ عائد کرنے کا بھی حکم دے دیا۔شہر میں موجود تجاوزات کو بھی فوری ختم کیا جائے اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ تشکیل دیئے جائیں۔

 لاہورہائیکورٹ کےجسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی زیر زمین پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی الودگی کے متعلق دائر متفرق درخواست پر عبوری حکم جاری کیا،عبوری حکم میں عدالت نے روڈ یوزرز کو سہولت دینے کیلئے  ایم ٹیگ کی خریداری کیلئے زیادہ سے زیادہ بوتھ بنانے کا حکم دیا ہے،جسٹس شاہد کریم نے عبوری فیصلہ میں کہا ہے کہ ایم ٹیگ کے بغیر والی گاڑیوں کی ٹال پلازوں پر لمبی قطاریں سموگ پیدا کرنے کا سب سے بڑا سبب ہیں اس لئے قومی شاہراہوں پر ایم ٹیگ لازمی قرار دینے کی تشہیر بھی کی جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے ون وے کی خلاف ورزی پر دوہزار جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے سے بہترین نتائج حاصل ہونے پر بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں پر بھی دو ہزار روہے جرمانہ عائد کرنے کا حکم بھی دے دیا۔عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ شہر میں موجود تجاوزات کو بھی فوری ختم کیا جائے اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ تشکیل دیئے جائیں، عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ لارڈ میئر لاہور تجاوزات کے خاتمے کیلئے دیر پا اقدامات کو یقینی بنائیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے سیشن جج لاہور کو  شہر میں تجاوزات کیسز کی سماعت کیلئے فل ٹائم مجسٹریٹ مقرر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ہائیکورٹ نے فٹ پاتھوں اور شاہراہوں سے منسلک سڑکوں پر ٹف ٹائلز کا کام مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے ٹریفک جام سموگ کا سبب بنتی ہے،عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ایل ڈی اے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کیلئے فنڈز فراہمی کو یقینی بنائیں،ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 7 دسمبر کو تمام محکموں سے سموگ تدارک کیلئے اقدامات پر عملدرآمد رپورٹس بھی طلب کر لی ہیں.

 دوسری جانب شہر کے9 زونز میں بنائے گئے سپیشل انکروچمنٹ سکواڈ نےعارضی تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع، مختلف زونز میں جاری آپریشن میں 18 ٹرک سامان قبضے میں لے لیا گیا  جبکہ  عارضی تجاوزات قائم کرنے پر40 ایف آئی آرز  کااندراج کروادیا گیا ۔ گلبرگ زون نے فیصل ٹاؤن فلیٹس، مون مارکیٹ، پیکو روڈ، ٹاؤن شپ ، جوہر ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں  میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ شالیمار زون  کی  جانب سے  شالیمار لنک روڈ اور جی ٹی روڈ پر، راوی زون میں سگیاں ، بند روڈ، آئوٹ فال روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 25کرسیاں ، 10میز , 13 ریڑھیاں،7 کھوکھے،14 فوڈ سٹالز کو قبضے میں لیا گیا۔

ایم او ریگولیشن   کا کہنا تھا کہ عارضی تجاوزات سموگ کی بڑی وجہ ہے۔ تجاوزات ٹریفک روانی کو متاثر کرتی ہیں جس سے ٹریفک جام اور سست روی کا شکار ہونے سے اضافی آلودگی پھیلتی  ہے۔ایم او ریگولیشن عثمان لیاقت کامزید کہنا تھا کہ   لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر شہر کے بڑے مصروف روڈز اور مارکیٹوں میں آپریشن کے لیے زون کی سطح پر سپیشل انکروچمنٹ سکواڈ بنائے گئے ہیں  جبکہ  دن میں 3بار تجاوزات کے خلاف آپریشن کا پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ایم او ریگولیشن عثمان لیاقت  کا کہنا تھا کہ  بڈن روڈ، ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ،مون مارکیٹ، اچھرہ، کریم بلاک ، جی ون مارکیٹ سمیت بڑی مارکیٹوں میں آپریشنز پلان کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں