عرفان ملک: بینکوں سے پیسے لے کر نکلنے والے شہری ڈاکوؤں کے نشانے پر، مصطفیٰ ٹاؤن میں اے ٹی ایم سے پیسے لے کر نکلنے والے کو گولی مار دی جبکہ ماڈل ٹاؤن میں پیسے لے کر نکلنے والا گھر کی دہلیز پر لٹ گیا۔
پولیس کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں بینک سے پیسے نکلوا کر آنے والے شہری کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ شہری ابراہیم بینک سے دس لاکھ روپے لے کر گھر جا رہا تھا کہ کار سوار ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ ڈاکو ہونڈا سوک کار میں ڈکیتی کر کے فرار ہوئے۔ اسی طرح نواب ٹاؤن میں حافظ حذیفہ چوہدری گھر سے آفس جانے کے لیے نکلا تو ڈاکوؤں نے ایدھی روڈ کے قریب لوٹ لیا۔
شہری قیصر ندیم کو جان محمد روڈ پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کا نشانہ بنایا۔ مصطفیٰ ٹاؤن میں شہری حافظ محمد اسامہ میزان بینک سے پانچ ہزار نکلوا کر گلی سے گزر رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے محمد اسامہ سے پیسے چھینے اور مزاحمت پر گولی مار دی۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔