(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما سردار غلام عباس نے( ن) لیگ میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق سردار غلام عباس نے لیگی رہنما خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ سے ملاقات کے بعد (ن) لیگ میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کردیا، سردار غلام عباس نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا، ان کے بھتیجے سردارآفتاب اکبر اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ہیں۔
واضح رہے کہ سردار غلام عباس نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1985 میں پاکستان پیپلز پارٹی سے کیا تھا، وہ 2 مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں، بعدازاں 1997 میں انہوں نے پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر (ق)لیگ میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد وہ 2 مرتبہ ضلعی ناظم منتخب ہوئے تھے۔سال 2011 میں انہوں نے(ق) لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2013 کے عام انتخابات سے قبل انہوں نے اس جماعت کو بھی چھوڑ دیا تھا۔
2016 میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی جس میں وہ مئی 2018 تک رہے جس کے بعد انہوں نے دوبارہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔