سٹی 42:کورونا رپورٹ مثبت آنے پر ڈاکٹروں نے مریضہ کا آپریشن ادھورا چھوڑ دیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاؤ ہسپتال اوجھا کیمپس کے امراض سینہ کے شعبے میں زیر علاج مریضہ 20 سالہ مدیحہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر آپریشن بیچ میں ہی روک دیا گیا اور اسے واپس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
اس واقعے کی ایک شہری نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، شہری نے وزیر اعلی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق مریضہ کا 24 نومبر کو کورونا ٹیسٹ لیا گیا ، اس میں کوئی علامات نہیں تھیں، آپریشن 26 نومبر کو ہوا، سرجری کے دوران ہی کورونا رپورٹ مثبت آگئی جس کے بعد سرجن نے آپریشن ادھورا روک کر واپس ٹانکے لگا دئیے۔
دوسری جانب سرجن ڈاکٹر نیاز حسین نے آڈیو بیان میں کہا ہے کہ مریضہ کو آپریشن سے قبل کووڈ علامات نہیں تھیں۔ جب مریضہ آپریشن تھیٹر میں لائی گئی کورونا رپورٹ نہیں آئی تھی، جیسے ہی آپریشن کے لیے جلد میں کٹ لگایا اسی دوران رپورٹ موصول ہوئی، کووڈ مثبت آنے پر آپریشن ملتوی کردیا گیا۔ مدیحہ کے پھیپھڑوں کا آپریشن ہونا تھا چونکہ کورونا کے اثرات پھیپڑوں پر ہوتے ہیں اس لیے آپریشن کرنا خطرناک تھا۔ مریضہ کے مرض کی نوعیت ایسی ہے جس کا بعد میں بھی آپریشن کیا جاسکتا ہے۔ چار سے چھ ہفتے بعد مریضہ کا دوبارہ معائنہ کرکے آپریشن کریں گے۔
یاد رہے ملک میں کورونا کی لہری میں مسلسل تیزی آرہی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 39 افراد بھی انتقال کرگئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42904 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3499 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 39افراد انتقال کرگئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 8.16 فیصد رہی۔