(راؤ دلشاد) میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر استعمال 124 گاڑیوں میں سے 63 گاڑیاں نان رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے رجسٹرڈ، نان رجسٹرڈ گاڑیاں اور سکریپ نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تیار کردہ فہرست کے مطابق 124 گاڑیوں کی نیلامی ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اجازت سے مشروط ہوگی تاہم افسران نان رجسٹرڈ گاڑیوں کی نااہلی کا ملبہ پرانے افسران پر ڈالنے لگے۔
ڈائریکٹر ورکشاپ نے ناکارہ گاڑیوں کی فہرست تیار کرلی، گاڑیوں کی نیلامی سے 2 سے 3 کروڑ تک ریونیو اکٹھا ہوگا، چیف کارپوریشن آفیسر نے 124 ناکارہ گاڑیوں کی مالیت کا تخمینہ لگانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے، تخمینہ کمیٹی میں ایم او انفراسٹرکچر، ایم او ریگولیشن، ایم او فنانس، ایم او سروسز اور ڈائریکٹر ورکشاپ شامل ہونگے۔
گاڑیاں شہرکے 9 زونز کے افسران و اہلکاروں کے زیر استعمال تھیں، 124 گاڑیوں میں سے متعدد کے کاغذات ہی نہیں، گاڑیاں جہاں ہیں جیسی ہیں کی بنیاد پر نیلام کی جائینگی، گاڑیوں کی نیلامی کا تخمینہ مالیت طے ہونے کے بعد اخبار اشتہار کےذریعے ہوگی، ناکارہ گاڑیاں میں پوٹھوہار جیپیں، سوزوکی مہران،کلٹس، مزدا، ٹرک، آرم رولر، چین بلڈوزرز، لینڈ کروز رز، ہینو ٹرک، رکشے، موٹر سائیکلز، شہزور، ایسفالٹ پلانٹ مشینری سمیت دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔