بچوں سے مشقت نہیں شفقت، حکومت کیجانب سے آگاہی مہم شروع

3 Dec, 2018 | 05:58 PM

Arslan Sheikh

(سعود بٹ) چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے محکمہ لیبر متحرک، چائلڈ لیبر کے خلاف جدوجہد کیلئے آگاہی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب سعید احمد اعوان سنٹر فار امپروومنٹ آف ورکنگ کنڈیشنز اینڈ انوائرمنٹ سنٹر ٹاؤن شپ لاہور میں منعقد ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے 100 روزہ پلان کے تحت پنجاب بھر میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ تقریب میں عالمی ادارہ محنت، یورپی یونین، یونیسف،  بین الاقوامی ڈونر ادارے، صنعت کار، تاجر، کاروباری حضرات، لیبر تنظیموں کے نمائندے، اکیڈیمیا، دانشور، والدین اور محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر انصر مجید خان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ملک میں چائلڈ لیبر بڑھ رہی ہے، وزیراعظم ہر میٹنگ میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ پر زور دیتے ہیں، اپنے محکمہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 100 روز میں انتھک محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں 180 ملین بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں، 5 سال سے 14 سال کے بچوں سے ورکشاپ، فیکٹری گھروں میں چائلڈ لیبر کرائی جاتی ہے۔ انہوں نے بطور لیبر منسٹرعہد کیا ہے کہ جلد ہی چائلڈ لیبر کا پنجاب سے ختم کر دیں گے۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کی جانب سے سینٹر کے احاطہ میں پودا بھی لگایا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر سارہ اسلم اور ڈی جی فاروق حمید شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں