نادیہ خان متنازع ویب سیریز 'برزخ' کے دفاع میں سامنے آگئیں

3 Aug, 2024 | 05:14 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والی ویب سیریزبرزخ’ کو اپنی پسندیدہ سیریز قرار دے دیا۔

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے بنائی گئی ویب سیریزبرزخ’ کو تیسری قسط کی نشریات کے بعد سے سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے، پاکستانی مداح سمیت کئی شوبز شخصیات بھی سیریز پر پابندی کا مطالبہ کررہی ہیں۔مداحوں نے سیریز کے میگا اسٹار فواد خان اور صنم سعید کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ برزخ’ میں اسلامی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

اب حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطورِ تجزیہ نگار نادیہ خان نے سیریز ‘ برزخ’ کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ نادیہ خان نے کہا کہ پاکستانی شائقین ‘ برزخ’ کو اس لیے قبول نہیں کررہے کیونکہ یہ ہمارے روز مرہ کے ڈراموں سے ہٹ کر بنائی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ساس بہو، شادی، لڑائی جھگڑے اور طلاق پر مبنی ڈرامے دیکھنا پسند ہے، وہ یہ سیریز نہ دیکھیں کیونکہ اُنہیں یہ پسند نہیں آئے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ہدایتکار یا رائٹرز پہلی بار ایسا پراجیکٹ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اس سے قبل ہم نے جب بھی سسپینس سے بھرپور کوئی ڈرامہ یا فلم بنائی ہے تو اُس میں کامیابی نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ سیریز کے ڈائیلاگز، کہانی اور منظر کشی لاجواب انداز میں کی گئی ہے اور پھر فواد خان اور صنم سعید کی طویل عرصے بعد اسکرین پر ایک ساتھ واپسی نے تو ہمیں ‘ برزخ’ دیکھنے پر مجبور کردیا ہے۔آخر میں نادیہ خان نے سیریز کی اچھائیاں اور برائیاں گنواتے ہوئے ‘ برزخ’  کو اپنی پسندیدہ سیریز قرار دیا۔

واضح رہے کہ ویب سیریزبرزخ’ میں ہم جنس پرستی، فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی ہے جس کی وجہ سے سیریز پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں