ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکا رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ، چینی ماہرین کے وفد سے ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکا رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ، چینی ماہرین کے وفد سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عامر شہزاد : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا، جہاں ان کی چینی ماہرین کے وفد سے ملاقات ہوئی ۔ 

وزیر اعلیٰ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مختلف شعبوں کے چینی ماہرین کے وفد کی  ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ معاون خصوصی برائے صنعت،  چیف سیکرٹری،  ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی ، محکمہ صنعت،  اور وفاقی بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ 

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی ۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ چینی ماہرین کے وفد کو خیبر پختونخوا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، خیبر پختونخوا میں زراعت،  صنعت،  سیاحت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صوبائی حکومت خود بھی ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی آمدن کو بڑھانا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔  اس مقصد کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو فروغ دینے پر ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔  

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا بھی خیر مقدم کرے گی، صوبائی حکومت نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کرے گی ۔صوبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ صنعتی شعبے کے فروغ کے لئے مقامی صنعتوں کو سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی بجلی کی پیداوار کو بڑھانے پر کام ہورہا ہے،  مقامی صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی اپنی گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ صوبائی حکومت اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین کے وفد کا دورہ صوبے میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مستقبل میں بھی اس طرح کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں ۔ صوبے میں کام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گا ۔ 

 چینی ماہرین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں زراعت، آبی وسائل اور صنعتی شعبوں میں باہمی اشتراک کار اور سرمایہ کاری کے بہت ذیادہ مواقع موجود ہیں،  صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو ایکسپلور کرنے کے لئے مزید وفود صوبے کا دورہ کریں گے ۔ 

وزیر اعلی نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں قائم صنعتی یونٹوں کا بھی دورہ کیا۔ جہاں متعلقہ حکام نے ان صنعتی یونٹوں سے متعلق وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔